خبرنامہ خیبر پختونخوا

مانسہرہ ، گورنمنٹ پرائمری سکول جبوڑی کے طلباء ابتدائی تعلیمی سہولیات سےمحروم

مانسہرہ۔ (ملت+اے پی پی) مانسہرہ کے علاقہ جبوڑی میں گورنمنٹ پرائمری سکول جبوڑی کے طلباء ابتدائی تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں۔ مقامی لوگوں نے اس حوالہ سے بتایا کہ سکول میں کمروں کی تعداد کم جبکہ طلباء کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ طلباء کے دو اضافی کمروں کیلئے انہوں نے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے۔ اس سلسلہ میں اے سی مانسہرہ کیپٹن (ر) عبدالرحمن نے بھی جبوڑی میں کھلی کچہری کے موقع پر سکول میں دو اضافی کمروں کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا لیکن تاحال اس پرعمل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کو موسم آ رہا ہے اور معصوم طلباء سکول کے برآمدے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ محکمہ تعلیم مانسہرہ ڈی ای او کو بھی اس بارے میں مکمل معلومات ہیں۔مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ سکول میں اضافی کمروں کی تعمیر جلد سے جلد کروائی جائے تاکہ طلباء کو ابتدائی تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔