خبرنامہ خیبر پختونخوا

محرم الحرام کے تقدس اور امن و امان قائم رکھنے کیلئے انتظامیہ اور عوامی حلقے ملکر جدوجہد کریں گے،ڈی ایس پی سرکل حویلیاں

ایبٹ آباد۔ (ملت+اے پی پی) ڈی ایس پی سرکل حویلیاں کیڈٹ اعجاز خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے تقدس اور امن و امان قائم رکھنے کیلئے انتظامیہ اور عوامی حلقے مل کر جدوجہد کریں گے، حویلیاں میں محرم کے جلوس اور دیگر مذہبی پروگرام میں کسی شرپسندی کو برداشت نہیں کریں گے، علماء اکرام اور مذہبی جماعتوں سمیت ایوان تجارت امن و امان کی بحالی میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کرے گی۔ وہ ہفتہ کو علماء کرام کے ساتھ منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈی ایس پی کیڈٹ اعجاز خان نے کہا کہ محرم الحرام اسلام کا مقدس مہینہ ہے جس کے تقدس کو پامال کرنے کیلئے شرپسند عناصر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حویلیاں سرکل میں اس ماہِ مبارک میں امن وامان قائم رکھنے کیلئے ہر شہری سمیت عوامی نمائندوں، علماء کرام اور تاجرحضرات کا اتحاد ضروری ہے۔