خبرنامہ خیبر پختونخوا

مردان: پی ٹی آئی،اے این پی تصادم؛ ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی

مردان:(آئی این پی)مردان میں تحریک انصاف اور اے این پی کے درمیان مسلح تصادم میں زخمی ہونیوالا ایک اور نوجوان دم توڑ گیا ، ہلاکتوں کی تعداد 5 ہو گئی ، جاں بحق چار افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، فائرنگ سے زخمی خاتون سمیت 10 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ مردان میں گزشتہ روز تحریک انصاف کے جلسے کے دوران تحریک انصاف اور اے این پی کے کارکنوں میں مسلح تصادم ہو گیا ۔ فائرنگ سے تحریک انصاف کے تحصیل کونسلر مہمند خان ، اے این پی کے کارکن اکرام، شاہ جہاں اور قاسم جان دم توڑ گئے ۔ واقعے میں خاتون سمیت 11 افراد زخمی ہوئے ۔ زخمیوں میں زیر علاج تحریک انصاف کے کونسلر مہند جان کا ذاتی محافظ فخر عالم پشاور ہسپتال میں دم توڑ گیا ، جاں بحق چار افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ۔ اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ، پولیس نے فائرنگ کے الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں ۔