خبرنامہ خیبر پختونخوا

مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے؛ محمد سلیم بیگ

مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے؛ محمد سلیم بیگ
گلگت: (ملت آن لائن) پرنسپل انفار میشن آفیسر ( پی آئی او) محکمہ اطلاعات محمد سلیم بیگ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے صحافیوں کو وفاق میں ٹریننگز کے لئے مدعو کیا جائے گا پریس کلب کے لئے گرانٹ سمیت دیگر جائز مطالبات کو حل کریں گے مقامی ہوٹل میں منعقدہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمدسلیم بیگ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے صحافی سمجھدار ہیں اس لئے یہاں پر ذمہ دارانہ صحافت پروان چڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحافیوں کودرپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے محکمہ اطلاعات صحافیوں کے حقوق اور مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت اقدامات اٹھارہی ہے انہوں نے کہا کہ گلگت میں صحافیوں سے ملاقات کر کے مثبت تاثر ابھرا ہے۔جو کہ یہاں کے پڑھے لکھے معاشرے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر گلگت پریس کلب کے صدر محمد اقبال عاصی‘ ایڈیٹر فورم گلگت بلتستان کے ممبران، یونین آف جر نلسٹس کے صدر‘ جی بی این ایس کے عہدیداران سمیت پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی صحافیوں نے مسائل اور مشکلات سے پی آئی او کو آگاہ کیا۔ گلگت پریس کلب کے صدر اقبال عاصی نے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی پر پی آئی او محمد سلیم بیگ کا شکریہ ادا کیا۔