خبرنامہ خیبر پختونخوا

مشال قتل کیس، 20 ملزمان کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر

مشال قتل کیس

مشال قتل کیس، 20 ملزمان کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر

پشاور :(ملت آن لائن) مشال خان قتل کیس میں سزا یافتہ بیس ملزمان نے سزاؤں کیخلاف اپیل دائرکردی۔ تفصیلات کے مطابق مشال خان قتل کیس میں سزا یافتہ بیس ملزمان نے سزاؤں کیخلاف اپیل دائرکردی، ملزمان نے اپیلیں پشاور ہائی کورٹ کے سرکٹ بینچ میں دائر کیں۔ خیال رہے کہ بارہ ملزمان نے دو روز قبل اپیلیں دائر کی تھیں، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران علی کے خلاف کوئی گواہ موجود نہیں جبکہ ایک گواہ جس کا نام سیاب ہے وہ بھی مجسٹریٹ کے سامنے اپنی بات سے منحرف ہوگیا تھا، عدالت نے بغیر ویڈیو اور گواہی کے سزائے موت کا فیصلہ جاری کیا جو غیر قانونی ہے۔ یاد رہے کہ مشال خان قتل کیس میں ایک ملزم کو سزائے موت، پانچ کو پچیس، پچیس سال اور پچیس ملزمان کو تین ،تین سال کی سزاسنائی گئی تھی۔ جبکہ 26 ملزمان کو رہا کردیا گیا تھا۔
مشعال خان قتل کیس: ایک ملزم کو سزائے موت، 5 ملزمان کو 25، 25 سال قید کی سزا کا حکم
جس کے بعد مشال کے بھائی نے مقدمے میں نامزد رہائی پانے والے 26 ملزمان کی رہائی کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جس میں عدالت سے مذکورہ افراد کو سزا دینے کی استدعا کی گئی۔ واضح رہے کہ مردان کی عبدالولی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے مشعال خان کو گزشتہ سال 13 اپریل کو طالب علموں کے جم غفیر نے یونیورسٹی کمپلیکس میں اہانت مذہب کا الزام عائد کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گولی مار کر قتل کردیا تھا۔