خبرنامہ خیبر پختونخوا

نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 2 افرادجاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان:(آئی این پی) نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کیے جانے والے دونوں افراد کا تعلق جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا سےہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے عید گاہ رتہ کلاچی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 2 افراد کوہلاک کردیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا سے ہے ۔ دونوں افرد موٹر سائیکل پر سوار تھے جن پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس سے وہ زخمی ہوگئے ، دونوں کو اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھا کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ ملزمان کی گرفتار کے لئے علاقے کا سرچ آپریشن جاری ہے تاہم اب تک اس بات کا حتمی تعین نہیں کیا جاسکا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے یا مقتولین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ شب بھی ہائی کورٹ کے وکیل شاہد شیراز کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا جب کہ لواحقین کی جانب سے کوٹ امام حسین روڈ پر مقتول کی لاش کو رکھ کراحتجاج بھی کیا گیا۔