خبرنامہ خیبر پختونخوا

نوازشریف (آج) ایبٹ آباد کالج گراؤنڈ میں جلسہ سے خطاب کریں گے

نوازشریف (آج) ایبٹ آباد کالج گراؤنڈ میں جلسہ سے خطاب کریں گے
ایبٹ آباد:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم محمد نوازشریف (آج) اتوار کو ایبٹ آباد کالج گراؤنڈ میں عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ مسلم لیگ(ن) کے کارکنان میں قائد کے استقبال کیلئے جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا۔ سابق وزیراعظم کے جلسہ کو تاریخی بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی، ضلع ایبٹ آباد کے صدر رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ، جنرل سیکرٹری ملک محمد شفیق اعوان سمیت مقامی قائدین نے عوامی رابطہ مہم مکمل کر لی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر و سابق وزیراعظم کی انتخابی مہم خیبر پختونخوا بالخصوص ایبٹ آباد سے شروع کرنے پر مخالف سیاسی جماعتوں میں کھلبلی مچ چکی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے عدالتی فیصلہ کے بعد مشکل وقت میں سابق روایات برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر بھر میں چوکوں اور چوراہوں میں بینرز اور پوسٹر آویزاں کر دےئے گئے ہیں۔ کارکنوں کا جوش و خروش بھی دیدنی ہے۔ مقامی عہدیداران نے وزیراعظم کے مشیر سردار مہتاب احمد خان کی رہائش گاہ سے شروع ہونے والی تیاریاں مکمل کر لی ہیں ۔ سابق وزیر اعظم کی ایبٹ آباد آمدکو ہزارہ بالخصوص ایبٹ آباد کیلئے نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں ترقیاتی منصوبوں کو جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کی کوشش کی ہے۔