خبرنامہ خیبر پختونخوا

نومبرکےآخرتک تمام ٹی ڈی پیزکی واپسی کاسلسلہ مکمل ہوجائیگا، جھگڑا

پشاور: (ملت+ اے پی پی) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ فاٹامیں پائیدار امن کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے سمیت ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی وبحالی ،ان علاقوں کی آباد کاری اور خاص طورپر تعلیم ، صحت اورانفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کیے جارہے ہیں، فاٹا میں تعمیر نو کے ساتھ ساتھ ٹی ڈی پیز کی واپسی کا عمل کامیابی سے جاری ہے اور نومبر کے آخر تک تمام ٹی ڈی پیز کی واپسی کاسلسلہ مکمل ہو جائیگا‘ وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کی ہدایت پر قبائلی عوام کی مرضی اور مشاورت سے فاٹا میں اصلاحات لارہے ہیں‘ قبائلی عوام پر کوئی بھی فیصلہ مسلط نہیں کیاجائیگا اورانہیں اصلاحاتی اور ترقیاتی عمل میں ہرسطح پر مشاورت میں شامل کیا جارہاہے۔ وہ ہفتہ کے روز پشاور میں ایلومینئی ایسوسی ایشن آف نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے زیراہتمام” فاٹااورخیبرپختونخوا میں امن وترقی ” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا وزیر، سول سوسائٹی اورایلومینئی ایسوسی ایشن کے نمائندے موجود تھے۔ گورنر نے ایلومینئی ایسوسی ایشن کی طرف سے”فاٹا اورخیبرپختونخوا میں امن اور ترقی “کے عنوان پرمنعقدہ ورکشاپ اور خدمات کو سراہا۔اس موقع پرگورنر نے ایلومینئی ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹی ڈی پیز سیکرٹریٹ کیلئے 1 کروڑ 46 لاکھ 13 ہزار 84 روپے کاچیک بھی دیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہا کہ افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت خطے میں امن لوٹ آیا ہے اور اب ہم تعمیروترقی کے سفرپر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف فاٹا بلکہ پورے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اورملکی امن واستحکام کیلئے افواج پاکستان کی قربانیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اوران کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں تعمیرنو کے ساتھ ساتھ ٹی ڈی پیز کی واپسی کا عمل کامیابی سے جاری ہے اب تک3 لاکھ 50 ہزار خاندان بخیریت اپنے آبائی علاقوں کو واپس جا چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ خاندانوں کی واپسی کے حوالے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور نومبر کے آخرتک تمام ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی کاسلسلہ مکمل ہوجائیگا۔ فا ٹا میں تباہ شدہ انفراسٹرکچرکی بحالی کیلئے8بلین روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ گورنر اقبال جھگڑا نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات کے امن سے اس پورے خطے کا امن وابستہ ہے اورپائیدار امن کے قیام کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جارہے ۔