خبرنامہ خیبر پختونخوا

وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے موٹر وے کا منصوبہ اہل ہزارہ سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے

ایبٹ آباد۔ 28 اپریل (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ہزارہ موٹر وے فیز II سے علاقہ میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، 2 ارب روپے کا یہ منصوبہ وزیراعظم نوازشریف کا اہل ہزارہ سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ہزارہ موٹروے کے علاوہ دیگر اربوں روپے کے منصوبوں پر کام شروع ہے, جن کی تکمیل سے علاقہ کی تقدیر بدل جائے گی۔ وہ جمعرات کو وزیراعظم نوازشریف کے جلسہ میں شرکت کیلئے مانسہرہ روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ میں رکاوٹیں ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، ہزارہ موٹروے منصوبہ، مانسہرہ میں ائرپورٹ کا قیام اور خشک گودی منصوبہ سے ہزارہ میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر دور میں اپنے اوپر عائد بے بنیاد الزامات کا کامیابی سے دفاع کیا ہے، وزیراعظم محب وطن پاکستانی ہیں جنہوں نے اقتدار میں آتے ہی ملکی اقتصادی ڈھانچہ کا حلیہ بدل دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پورے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج 2 ارب روپے لاگت سے ہزارہ موٹر وے کے فیز II منصوبہ کا آغاز ہونے جا رہا ہے،جو وزیراعظم کی جانب سے اہل ہزارہ کیلئے ایک یادگار تحفہ ہے، وزیراعظم نے ہمیشہ ہزارہ کو فوقیت دی ہے، وہ آئندہ بھی ہزارہ کیلئے بڑٰے میگا پراجیکٹ دیں گے۔