خبرنامہ خیبر پختونخوا

وزیراعلیٰ کی مردان میں لینڈریکارڈکمپیوٹرائزڈکرنے کیلئے گرانٹ کی سمری بھیجنے کی ہدایت

پشاور (ملت + اے پی پی )وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے مردان میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سسٹم پر سہولت بنانے اور عوام کو مطلوبہ ریکارڈ کم سے کم وقت میں فراہم کرنے کیلئے فوری گرانٹ 45لاکھ روپے کی سمری بھیجنے جبکہ دیگر مطلوبہ وسائل کے لئے پی سی ون تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن پروگرام کے تحت تین اہم منصوبوں پر مشتمل ایک جامع سکیم تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تا کہ اس سکیم کو ورلڈ بینک کی معاونت سے تیار ہونے والے منصوبوں کی فہرست میں ڈالا جا سکے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان، وزیر مال علی امین گنڈا پور اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مردان میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن اور مردان بائی پاس روڈ پر گرین بیلٹ کے منصوبوں پر پیش رفت طلب کی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ مردان میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ کامیابی سے چل رہا ہے تا ہم عوام کو مطلوبہ ریکارڈ کی فراہمی میں بعض اوقات وقت قدرے زیادہ لگ جاتا ہے ۔اگر بوتھ اور کمپیوٹر سسٹم کی تعداد بڑھائی جائے تو وقت کم کرکے 20منٹ تک لا سکتے ہیں اور عوام کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ اس کی وجہ سے ریکارڈ کی فراہمی کا عمل مختصر ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ مقصد کیلئے فوری طور پر پی سی ون تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے مردان میں لینڈکمپیوٹرائز یشن کے کامیاب تجربے کے نتیجے میں دیگر اضلاع میں بھی کام شروع کرے کرنے کی تجویز دی۔ وزیراعلیٰ نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جن اضلاع میں عمارتیں تیار ہیں وہاں کام شروع کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مردان بائی پاس روڈ پر گرین بیلٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے اور مردان کی خوبصورتی کیلئے فراہم کردہ وسائل کا بامقصد استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔