خبرنامہ خیبر پختونخوا

وفاقی حکومت سے بحالی پلان اور فاٹامیں اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے کا مطالبہ

پشاور (ملت + آئی این پی) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے فاٹا کے عوام کے جذبات کی حمایت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے ان کے لئے بحالی پلان اور فاٹامیں اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی فاٹاکے عہدیداران کے وفد سے سپیکر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں دوست محمد خان چیف آرگنائزرسمیت دیگرعہدیداران شامل تھے ۔سپیکرنے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے ضمن میں کی جانے والی سرگرمیوں کی فاٹا کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق مکمل سپورٹ کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ فاٹامیں دیگر سیاسی پارٹیوں کی نسبت پی ٹی آئی کا ووٹ بنک سب سے زیادہ ہے جس کے باعث آئندہ 2018کے الیکشن میں یہاں سے پی ٹی آئی کے زیادہ سے زیادہ امیدواروں کے جیتنے کے قوی امکانات ہیں ۔سپیکر نے وفد کو یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد فاٹا سے ایف سی آر کا خاتمہ کیا جائے گااور فاٹامیں لوکل باڈیز کے الیکشن کروانے کی راہ بھی ہموارہوجائے گی ۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ فاٹا میں پی ٹی آئی کو مزید مضبوط کرنے کیلئے بہتر طور پر آرگنائز کیا جائے جبکہ پی ٹی آئی عہدیداران اور ممبران میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جائے گا۔ سپیکر نے کہا کہ فاٹا کے عوام پر امن پاکستانی شہری ہیں اور پاکستان کے دیگرعلاقوں میں بسنے والے شہریوں کی طرح ان کو بھی یکساں حقوق فراہم کرنا وقت کا تقاضا ہے انہوں نے فاٹاکو جنگ زدہ علاقہ قراردیتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ مذکورہ علاقہ کیلئے بحالی پلان کا اعلان کیا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔