خبرنامہ خیبر پختونخوا

ٹانک، چیک پوسٹ پر دہشتگرد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید،ملزم فرار ہونے میں کامیا ب

ٹانک(آئی این پی) چیک پوسٹ پر تلاشی کے لئے روکے جانے پر نامعلوم شدت پسند کی پولیس پر فائرنگ سے کانسٹیبل جاں بحق جبکہ ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیا ب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جمعہ کی صبح جنوبی وزیرستان شاہراہ پر واقع لطیف شہید چیک پوسٹ پر گزرنے والے ایک چنگ چی رکشہ میں سوار مشکو ک شخص کو پولیس نے تلاشی کی غرض سے روکا تو اس نے پستول سے پولیس اہلکاروں پرگولیاں برسا دیں جس کی زد میں آکر ڈیوٹی پر موجود کانسٹیبل محمد طارق کنڈی شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امدا د کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز ہسپتال ٹانک لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ارتکابِ جرم کے بعدملزم فرار ہوگیا جس پر اسکا تعاقب کیا گیا تاہم وہ پولیس کے ہاتھوں نہ لگ سکا۔ واضح رہے کہ شہر میں آئے روز چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں سے شہریوں میں شدید خوف پایا جاتا ہے اور انہوں نے آئی جی خیبر پختونخواہ سے جر ائم کی بڑھتی وارداتوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔