خبرنامہ خیبر پختونخوا

پاراچنار، خوست سے 70 پاکستانی آئی ڈی پیز خاندانوں کی وطن واپسی

پارا چنار: ( اے پی پی) افغانستان کے صوبہ خوست سے 70 پاکستانی آئی ڈی پیز خاندان کرم ایجنسی کے راستے پاکستان واپس آگئے ہیں، آئی ڈی پیز میں بچوں اور خواتین سمیت 200 افراد شامل ہیں۔پولیٹیکل حکام کے مطابق شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے آپریشن اور دہشت گردی کے واقعات کے باعث مختلف خاندان نقل مکانی کرکے افغانستان چلے گئے تھے اورانہوں نے افغانستان کے صوبہ خوست کے علاقے گربز میں پناہ لے لی تھی۔ سہولیات کی عدم دستیابی اور دیگر مسائل کے باعث انہوں نے دوبارہ پاکستان آنے کا فیصلہ کیا اوروہ خرلاچی ، شہیدانو ڈنڈ بارڈر سے کرم ایجنسی کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے جس کے بعد و ہ کرم ایجنسی سے بنوں روانہ ہوگئے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے واپس آنے والے آئی ڈی پیز کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ اپنے ملک واپس آگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ یہاں اپنے گھروں کو دوبارہ آباد اور نئی زندگی شروع کریں گے۔