خبرنامہ خیبر پختونخوا

پاک چین راہداری منصوبے میں مغربی روٹ شامل ہی نہیں: پرویز خٹک

پشاور:(آئی این پی )پریس کلب میں عہدیداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ چینی سفارتکار نے واضح کر دیا ہے کہ پاک چین راہداری منصوبے میں مغربی روٹ شامل نہیں ہے، احسن قبال سے جواب مانگا ہے کہ سی پیک کے مغربی روٹ کی فنڈنگ کون کریگا لیکن ابھی تک جواب نہیں دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دھوکے میں رکھا گیا تو پھر پارلیمانی لیڈز پر مشتمل کمیٹی فیصلہ کریگی غدار یہ لوگ ہیں جنہوں نے سی پیک منصوبہ متنازعہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز ہمیں بقایا جات ادا نہیں کر رہا جس سے بجٹ میں شارٹ فال آ رہا ہے ایسا نہ ہو کہ ہم پھر سے دھرنا دیں، اختساب کمیشن کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ احتساب کمیشن کے ڈی جی کے اختیارات محدود نہیں کئے ہیں بلکہ اب کمیشن کے ممبران پر مشتمل کمیٹی فیصلہ کریگی، احتساب کمیشن کے قانون میں ترامیم اس لئے کی ہیں کہ فرد واحد فیصلے نہ کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایکٹ عجلت میں بنایا گیا ہے اس لئے ترامیم کرنی پڑی ہیں۔ احتساب کمیشن میں ترامیم سے پچھلے کسیز پر اثر نہیں پڑے گا۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے پشاور پریس کلب کی نو منتحب کابینہ سے حلف لیا۔