خبرنامہ خیبر پختونخوا

پرویز خٹک نے ہائی وے کونسل کے اجلاس میں 915ملین روپے کی منظوری دیدی

پشاور(آئی این پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پختونخوا ہائی وے کونسل کے چودھویں سالانہ اجلاس میں مالی سال 2016-17 کیلئے 915 ملین روپے کے تعمیراتی پلان کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے صوبے کے سوات موٹروے کا نام MWKP-1 رکھنے کی بھی منظوری دی ۔صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید، ایم این اے شہریا ر آفریدی ، مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری قانون، ایم ڈی پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی انجینئر محمد عزیز خان اور دوسرے متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو صوبے کے تمام اضلاع میں سڑکوں پر پریزینٹیشن دی گئی اور سڑکوں کی بحالی کے منصوبوں سے آگاہ کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے سٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کیلئے 28 اضافی آسامیوں کی منظوری دی جن میں ڈائریکٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ، پی آر اواور دیگر متعلقہ سٹاف کی آسامیاں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اوورلوڈنگ کے مسئلے کو ختم کرنے کیلئے پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے صوبائی ہائی ویز پر وزن کرنے کے سٹیشن کو آؤٹ سورس کرنے اور اضافی سٹاف کی بھی منظوری دی ۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں صوبائی سڑکوں کی بحالی کیلئے وسائل تصرف میں لانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اے ڈی پی سے رہ جانے والی روڈ کمیونیکشن کی سکیموں کو بھی وسائل دیئے جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے غنی خان روڈ پر تخت بھائی راجٹر کو کراس کرنے والے چوک کانام حیات اﷲ شہید چوک رکھنے کی تجویز سے اتفاق کیا انہوں نے کاٹلنگ چو ک مردان کا نام تبدیل کرکے صاد ق اﷲشہید چوک رکھنے سے بھی اتفاق کیا ۔وزیراعلیٰ نے تجاوزات کے خلاف بھر پور کاروائی کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف علاقوں میں سڑکوں اور زمین پر تجاوزات کا شیڈول دیا جائے تاکہ انہیں تجاوزات سے پاک کیا جا سکے اور صوبہ بھر میں سٹرکوں کی توسیع کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے تعمیر کئے جانے والے منصوبوں کے خاکے کی منظوری دیتے ہوئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی تاکہ مقررہ مدت کے اندر منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے قرضے کے حصول کے طریق کار کو تیز کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت کی بعض سڑکوں کی پراونشلائزیشن کی منظوری دی ۔ جس کے مطابق رسالپور سے جہانگیرہ براستہ پیر سباق روڈ ، مصری بانڈہ سے اکوڑہ خٹک روڈ ، 50 کلومیٹر مردان رنگ روڈ براستہ موٹروے ولی انٹرچینج کو S-14 قرار دیا گیا جبکہ 35 کلومیٹر ترناواکو ہالہ بالا روڈ کا نام S-5-D اور ضلع دیر میں جاپان پل( قولنگی ) سے بانڈہ گئی تک 26 کلومیٹر سڑک کو (S-3A) کا نام دیا گیا۔ انہوں نے پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے ملازمین کے ریگولیشنز کی منظوری دی اس شرط کے ساتھ کہ منیجنگ ڈائریکٹر ٹرم اینڈ کنڈیشن کی ویٹنگ اسٹبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے کی جائے ۔ انہوں نے اتھارٹی کے BPS-1 سے BPS-5 تک ملازمین کی دوسٹیپ اپ گریڈیشن جبکہ BPS-6 سے BPS-15 تک ملازمین کی ایک پے سکیل اپ گریڈیشن کی منظوری دی ۔وزیراعلیٰ نے نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی متحرک قیادت میں پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور اتھارٹی کے جملہ سٹاف کیلئے دو بنیادی تنخواہوں کے برابر اعزازیہ بھی منظوری کیا۔ پرویز خٹک نے کام کے معیار کویقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ بنیادی مقصد پورے صوبے کو روڈ کمیونیکشن نیٹ ورک کے ذریعے مربوط کرنا ہے کیونکہ یہ تیز رفتار ترقی کی کنجی ہے۔