خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور،چھاپے کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید، جوابی فائرنگ میں حملہ آور ماراگیا

پشاور (ملت آن لائن + آئی این پی) پشاور کے تھانہ انقلاب کی حدود میں اشتہاری کے گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور مارا گیا۔ تھانہ انقلاب کے علاقے زندئی سر میں پولیس نے اشتہاری کی اطلاع پر ایک گھر پر چھاپہ مارا جس دوران گھر سے پولیس پر فائرنگ کردی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پولیس اہلکار شاہ فیصل جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیس اہلکار نور حسین کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور مارا گیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔