خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:تاجروں کولوٹنےوالا ایف آئی اے اہلکارگرفتار

پشاور: (اے پی پی) پشاور میں تاجروں سے سونا اور رقم بٹورنے والے ایف آئی اے کے حاضر سروس اہلکار کو تاجروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ۔ پشاور کے معروف تجارتی مرکز صرافہ بازار میں تاجروں نے ایف آئی اے کے اہلکار نذر حسین کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ۔ ملزم نے صرافہ بازار کے تاجروں سے رقم اور اٹھائیس تولہ سونا بٹورا تھا ، ملزم کے قبضے سے ایک لاکھ اکتیس ہزار روپے، چھ ہزار ڈالر، پستول ، چار موبائل ، ایک گاڑی اور پاسپورٹ برآمد ہوا ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزم بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش میں تھا ۔ ملزم نذر حسین کے خلاف چند روز قبل تاجروں نے ایف آئی اے میں درخواست بھی دی تھی ۔ زیر حراست ملزم کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے، ایف آئی اے حکام کے مطابق معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور ملزم کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔