خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:تحریک انصاف کے جلسےمیں کارکنوں کی ماڈل عینی خان سے بدسلوکی

پشاور:(اے پی پی) تبدیلی کے دعوے دار اپنے صوبے میں بھی کچھ نہ بدل سکے جو لاہور میں ہوا وہی پشاور میں بھی دہرا دیا گیا۔ پشتو ماڈل اور اداکارہ عینی کپتان کو کیچ کرنے پہنچیں لیکن خود کیچ ہو گئیں۔ جلسہ گاہ میں کھلاڑیوں نے پہلے گھیرا ڈالا پھر بدسلوکی بھی کی۔ جلسے کی انتظامیہ سے کچھ نہ بن پایا تو میڈیا نے کردار نبھایا۔ مردوں کے نرغے میں گھری خاتون ماڈل کو کوریج کیلئے آئی گاڑی کے ذریعے نکالا گیا۔ قندیل بلوچ ہی کی طرح اپنے خوابوں کے راجہ کے دل میں جگہ بنانے آئی عینی بھی تماشا بن کر رہ گئیں۔ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ماڈل کو جلسہ شروع ہونے سے پہلے سازش کے تحت بھیجا گیا۔ خیبرپختونخوا کی خواتین اس طرح کے کپڑے پہن کر جلسوں میں نہیں آتی۔ ماڈل نے خود تماشا لگایا اس کا مقصد پورا ہو گیا۔ شوکت یوسفزئی نے کہا لگتا ہے کسی نے ماڈل کو جلسے میں بھیجا ہے تحقیقات کریں گے۔ ورکرز نے بتایا وہ خود کہہ رہی تھی کہ عمران سے ملنے آئی ہوں کیا ایسا طریقہ ہوتا ہے۔ اگر لیڈر سے ملنا ہوتا ہے تو لیڈر کا انتظار کیا جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا تحریک انصاف کو بدنام کرنے کیلئے سازش کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف طلال چودھری کہتے ہیں ثابت ہو گیا عمران کے جلسوں میں خواتین کو رسوا کیا جاتا ہے۔ ن لیگ کے رہنما نے کہا عمران خان کو جواب دینا چاہیے کہ ان کی وجہ سے خواتین کی عزت داؤ پر کیوں لگتی ہے۔