خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:سرکاری تدریسی ہسپتالوں میں ہیلتھ ایمپلائز کی ہڑتال ٗ مریضوں کو مشکلات کا سامنا

پشاور؛( اے پی پی )ہیلتھ ایمپلائز کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلے کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی ہیلتھ ریفارمز کے خلاف پشاور کے تینوں بڑے تدریسی ہسپتالوں کے عملے نے منگل کے روز ہڑتال کی ٗ ہڑتال کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ہڑتال کے دوران لیڈی ریڈنگ ہسپتال،خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلکس میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس نے احتجاجاً ڈیوٹی کا بائیکاٹ کیا ٗ اس موقع پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ ادھر صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے ہیلتھ ایمپلائز کے احتجاج کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں اصلاحات کا عمل ایم ٹی آئی ایکٹ کی روشنی میں ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا اور اس مقصد کے لئے پشاور کے تمام تدریسی ہسپتالوں میں لازمی سروس ایکٹ نافذ کر دیا گیا ہے ۔ اس ایکٹ کی روشنی میں ہڑتال کرنے والے طبی عملے کیخلاف کارروائی کی جائے گی