خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:نامعلوم افراد کی مبینہ فائرنگ،ایک شخص جاں بحق

کوہاٹی:(آئی این پی )پشاور کے علاقے کوہاٹی میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جبکہ بنوں میں تھانہ حوید کی حدود میں دکان میں دھماکے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے کوہاٹی میں نامعلوم مسلح ملزمان نے ملک افتخار نامی شخص پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور اسے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ گزشتہ روز بھی فائرنگ کے واقعے میں سی ٹی ڈی کا اہلکار جاں بحق ہو گیا تھا،پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ادھر بنوں میں تھانہ حوید کی حدود میں کباڑ کی دکان میں دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے،پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔