خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور‘ ضلعی انتظامیہ کی کارروائی، تجاوزات اورگرانفروشی پر29افرادگرفتار

پشاور۔(ملت آن لائن)ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کر تے ہوئے دکانوں سے باہر تجاوزات قائم کر نے اور گرانفروشی پر 29 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹرعمران حامد شیخ کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہمایوں خان نے دلہ زاک روڈ اور فقیر آباد کے علاقے میں مختلف دکانوں کی چیکنگ کی۔ کاروائی کے دوران دکانوں سے باہر سامان رکھنے اورگرانفروشی پر 18 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان میں وہ دکاندار بھی شامل ہیں جنہوں نے فٹ پاتھ کے ساتھ سڑک پر بھی تجاوزات قائم کی ہوئی تھیں۔ جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عبدالولی نے چارسدہ روڈ پر خزانہ اور داؤزئی کے علاقے میں مختلف دکانوں کی چیکنگ کی۔ کاروائی کے دوران دکانوں سے باہر تجاوزات قائم کرنے اور گرانفروشی پر 11 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان گرفتار افراد میں تجاوزات مافیا، بیکری و سویٹس مالکان، جنرل سٹور مالکان، نانبائی، پختہ چائے فروشان اور دیگر شامل ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق ان گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔