خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور :لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کے باوجود ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری

پشاور:(اے پی پی) خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ہسپتالوں میں لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کے باوجود پشاور کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری ہے ۔ ڈاکٹروں نے مختلف وارڈوں میں کام بند کردیا ۔ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ہسپتالوں میں لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ بھی کام نہ آیا ، ڈاکٹروں نے پابندی کے باوجود ہسپتالوں میں ہڑتال کردی ہے ۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور ، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس سمیت شہر کے دیگر ہسپتالوں میں ڈاکٹروں نے کام بند کر دیا ہے ۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈٰیکل کمپلیکس میں ڈاکٹروں نے پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کی تحلیل اور لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور لازمی سروس ایکٹ کو مسترد کردیا ۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں بھی مسیحائوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام بھی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پہنچے اور ڈاکٹروں کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی ۔ امیر مقام کا کہنا تھا کہ عمران خان کے قول وفعل میں تضاد ہے ۔ ہم نجکاری کے خلاف نہیں لیکن عوام کو ریلیف ملنا چاہئیے ۔ وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ کاغذوں میں ایک ملین درخت تو لگ چکے ہیں لیکن زمینی حقائق کچھ اور ہیں ۔ عمران خان نے دوغلی پالیسی اپنارکھی ہے ایک طرف نجکاری کی پالیسی کی مخالفت کر رہے ہیں تو دوسری جانب حمایت کر رہے ہیں ۔