خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:53برس کے شخص کو امتحان ہال میں کھینچ لایا

پشاور:(اے پی پی)امتحانات تو دنیا بھر میں ہوتے ہی ہیں، مگر اس بار خیبرپختونخوا میں ہونے والے امتحانات میں ایک ضعیف شخص نے اپنی ہمت اور عزم سے بہت سارے جوانوں کو بھی مات کردیا۔بظاہر عام سے نظر آنیوالے ان امتحانات کو واپڈا کے ایک نائب قاصد نے خاص بنا دیا ہے،’ الف، ب، پ ‘پر یقین رکھنے والے 53 سال کے محمد شفیق نے ثابت کردیا ہے کہ علم کیلئے کوئی عمر نہیں اور تعلیم حاصل کرنے میں کوئی شرم نہیں کر نی چاہیے۔53 سال کے شخص کو کمرہ امتحان میں دیکھ کر میٹرک کے طلبا پہلے تو یہ سمجھے کہ محمد شفیق شاید ان کا ممتحن ہے مگر اس کو امتحان دینے والوں کی سیٹ پر بیٹھے دیکھ کر انہیں نہ صرف خوش گوار حیرت ہوئی بلکہ ایک نیا عزم بھی ملا۔محمد شفیق کا کہنا ہے کہ اپنی بیٹیوں کے اصرار پر ہی وہ امتحان دینے کے لیے آیا ہے، اس کی2 بیٹیاں ماسٹرز کرچکی ہیں، ایک گریجویٹ ہے، ایک اسی کے ساتھ میٹرک کا امتحان بھی دے رہی ہے اور چھوٹی بیٹی آٹھویں میں ہے۔ خود زیادہ تعلیم حاصل نہ کرسکنے والے نائب قاصد محمد شفیق نے اپنی اولاد کو اعلی تعلیم دلوائی اور اب 33 سال بعد میٹرک کا امتحان دیتے ہوئے اس کا عزم ہے کہ وہ اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھے گا۔