خبرنامہ خیبر پختونخوا

پنوں عاقل: کورائی کینال میں شگاف 40 فٹ چوڑا

پنوں عاقل: (آئی این پی) پنوں عاقل کے قریب کورائی کینال میں شگاف پڑ گیا ، سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آ گئیں ، محکمہ آبپاشی کے عملے کی غفلت کے باعث پانی نے کئی دیہاتوں کو لپیٹ میں لے لیا ۔ گزشتہ رات تقریباً 2 بجے کورائی کینال میں 15 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا ۔ محکمہ آبپاشی کے عملے کی غفلت اور موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع نہ کرنے کے باعث شگاف کی چوڑائی 40 فٹ تک پہنچ گئی ۔ پانی سے سینکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں ، جبکہ پانی نے کئی دیہاتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ کورائی کینال کے شگاف سے نکلنے والا پانی قومی شاہراہ تک پہنچ گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پاک فوج کے جوان بھاری مشینری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور مقامی افراد کی مدد سے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ۔ علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ کورائی کینال میں شگاف محکمہ آبپاشی کی نااہلی کے سبب پڑا ہے ۔ نہر کے کنارے کھڑے تمام درخت نامعلوم افراد کاٹ کر لے جا چکے ہیں ۔ عملے کی غفلت کی وجہ سے حفاظتی بند سے مٹی اٹھائے جانے کے واقعات بھی معمول بن گئے ہیں ۔ ڈائریکٹر سیڈا غلام یاسین نے غفلت برتنے پر 3 اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے ۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں ۔