خبرنامہ خیبر پختونخوا

پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس، فیڈریشن آف پاکستان کیلئے ممبران کی نامزدگی

ہری پور۔ (ملت آن لائن) ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس میں فیڈریشن آف پاکستان کیلئے ممبران کی نامزدگی عمل میں لائی گئی، نئے ممبران کی ممبر شپ سمیت قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کی بھی منظوری دیدی گئی ہے، چین کے سفارت خانہ کی طرف سے چیمبر اور ایسوسی ایشن ممبران کی ویزا پراسسنگ فیس 2500 روپے مقرر کرنے اور آفس بوائز کیلئے میڈیکل کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہری پور چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی عطاء الرحمن کی زیر صدارت ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس چیمبر آفس حطار ہری پور میں منعقد ہوا جس میں کارپوریٹ اور ایسوسی ایشن کلاس کے ایگزیکٹو باڈی ممبران سمیت سابق صدر سید صفدر زمان شاہ، حاجی فخر عالم، ڈاکٹر امجد قریشی، چیئرمین ایچ آئی اے، ملک عاشق اعوان، وائس چیئرمین طیب سواتی، سینئر نائب صدر حاجی شوکت نواز، نائب صدر شہباز شیخ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نئے ممبران کو ممبر شپ دینے اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل سمیت متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ ممبران اجلاس نے فیڈریشن آف پاکستان کے ممبران کی نامزدگی بھی عمل میں لائی۔