خبرنامہ خیبر پختونخوا

کوہاٹ ‘ضلع کونسل کا4ارب64کروڑ79لاکھ98ہزارروپے کا بجٹ پیش

پشاور۔(ملت آن لائن)ضلع ناظم کوہاٹ محمد نسیم آفریدی نے پیر کے روز ضلع کونسل کے اجلاس میں ضلعی بجٹ برائے مالی سال 2018-19کے لئے4ارب64کروڑ79لاکھ98ہزارروپے کا سالانہ بجٹ پیش کردیاجس میں سالانہ ترقیاتی بجٹ کا ابتدائی حجم27کروڑ34لاکھ32ہزارروپے رکھا گیا ہے۔ پریذائڈنگ آفیسر حاجی عبدالرشید کی زیرصدارت منعقدہ بجٹ جلا س میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس اور لائن ڈیبارٹمنٹس کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔چیدہ چیدہ نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے ضلع ناظم نے بتایا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لئے4ارب11کروڑ61لاکھ43ہزارروپے جبکہ نان سیلری مد میں25کروڑ84لاکھ23ہزارروپے رکھے گئے ہیں جن میں ڈاک ٹکٹ،پٹی ریپئر،کلاس رومز کنزیومیبل،ٹیلی فون بلز، ٹی اے بلز،ٹرانسپورٹیشن آف گڈز،پی اوایل، سٹیشنری،others،پرنٹنگ کے اخراجات،اخبارات،مشینری اور فرنیچر کی مرمت کے لئے 21کروڑ52لاکھ23ہزارروپے اور بجلی کی مد میں4کروڑ32لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔موجودہ مالی سال 2018-19کے ترقیاتی بجٹ سے 9کروڑ94لاکھ7سوروپے گزشتہ مالی سال کے2017-18کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں منتقل کئے جارہے ہیں۔اس کے علاوہ 15کروڑ31لاکھ47ہزار3سو34روپے گزشتہ سال کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر خرچ ہوں گے۔موجودہ مالی سال کی اے ڈی پی پی اینڈ ڈی کی گائیڈ لائنز کے مطابق ہیلتھ سیکٹر10فیصد،یوتھ/ زراعت /خوتین/ سپورٹس15فیصد،تعلیم20فیصداور ضلعی صوابدید55فیصد تیار کی جائے گی۔ضلع ناظم نے مالی سال 2017-18کا ضمنی بجٹ بھی ایوان میں پیش کردیا۔پریذائڈنگ آفیسرنے منتخب نمائندوں سے کہا کہ وہ خوب تیاری کے ساتھ ایوان میں آئیں اور سوچ سمجھ کر منصوبے ترتیب دیں تاکہ بعد میں منصوبوں کی تبدیلی کی ضرورت پیش نہ آئے۔پریذائڈنگ آفیسرنے 2دن کے لئے اجلاس ملتوی کردیا بجٹ پر عام بحث 9اگست کو ہوگی۔بجٹ اجلاس سے قبل گزشتہ روز کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر بس حادثے کے جاں بحق افراد کے ایصال ثواب جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاکی گئی۔