خبرنامہ خیبر پختونخوا

کوہاٹ پولیس کی کارروائی‘114مطلوب افراد گرفتار‘اسلحہ ومنشیات قبضے میں لیے گئے

پشاور۔( اے پی پی )کوہاٹ پولیس نے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کے خلاف خصوصی کار وائی کے دوران 114مطلوب افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔گرفتار ملزمان میں قتل کی وارداتوں میں ملوث 53خطرناک اشتہاری شامل ہیں۔کریک ڈاؤن میں پولیس نے بڑی تعداد میں اسلحہ و منشیات بھی قبضے میں لئے ہیں۔ضلعی عدالتوں میں زیر سماعت قتل و اقدام قتل، اغواء برائے تاوان،ڈکیتی، رہزنی ،بھتہ خوری اور دہشتگردی سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری قرار دئیے گئے مجرمان کو مختلف کاروائیوں کے دوران شہر اور مضافاتی علاقوں سے حراست میں لیا گیا ہے جنہیں بعد ازاں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔کوہاٹ پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری معلومات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اشتیاق احمد مروت کی طرف سے جرائم پیشہ عناصر خصوصاً سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کو نہایت ہی سختی سے کچلنے کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے کوہاٹ پولیس نے اشتہاری مجرمان کی تلاش میں بیس روزہ خصوصی مہم کے دوران 264مقامات پر اچانک چھاپے مارے اور ان چھاپہ مار کاروائیوں میں پولیس نے 53قاتلوں سمیت 114اشتہاریوں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے جرائم پیشہ افراداور اشتہاری مجرمان کے ٹھکانوں پر چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کیا ہے جن میں 8 کلاشنکوف،24 رائفل،32بندوق،44پستول ،1400مختلف بور کے کارتوس ،27کلو گرام چرس،520گرام ہیروئن،600گرام افیون اور 50بوتل شراب شامل ہیں۔مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی کامیابی کے حوالے سے ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف نے کہا کہ خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری سے ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور جرائم میں کمی واقع ہوگی