خبرنامہ خیبر پختونخوا

کھیلوں کے شعبہ کی تاریخی اہمیت ایک مسلم حقیقت ہے ،گورنرخیبرپختونخوا

پشاور (ملت + اے پی پی )خیبر پختونخوا کے گورنر، انجنیئر اقبال ظفر جھگڑا نے پشاور میں آل پاکستان فٹبال چیمپیئن شپ کے کامیاب انعقاد کوایک خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہو ئے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان نہ پہلے کبھی کھیلوں کے شعبے میں کسی سے پیچھے تھا اور نہ اب رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال کا شمار دنیا بھر میں مقبول ترین کھیلوں میں ہوتاہے اور قابل استطاعت ہونے کی بنا پر یہ ہرجگہ کے حالات و ماحول کے مطابق بھی ہے لہذا اس کے فروغ کے امکانات بھی زیادہ ہیں۔جمعرات کے روز پشاور میں خیبرپختونخوا فٹبال ایسوسی ایشن کے زیر انتظام چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے موقع پر بحیثیت مہمان خصو صی خطاب کرتے ہو ئے گورنر نے حالیہ برسوں کے دوران درپیش حالات میں قومی سطح کے اس مقابلے کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔اختتامی میچ میں پی آئی اے کی ٹیم نے2-0 سے پاکستان ایئرفورس کی ٹیم کو ہرا کر چیمپیئنز ٹرافی حاصل کی۔اس موقع پر صوبائی حکومت کے اعلی حکام کے علاوہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے بعض اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔ گورنر نے خیبر پختونخوا فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر علی شاہ کے ہمراہ جیتنے والی ٹیموں کو ٹرافیاں اور انعامات دیئے۔ گورنر کھیلاڑیوں اور شائقین کے جوش و جذبے کو سراہتے ہو ئے کہا کہ کھیلوں کے شعبہ کی تاریخی اہمیت ایک مسلم حقیقت ہے اور ان کی بدولت شہریوں کی جسمانی وذہنی صحت ہی نہیں بلکہ نئی نسل کو معاشرے میں بہتر سماجی و شہری ماحول بھی فراہم ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہی نہیں بلکہ معاشرے میں نوجوانوں کا تعمیری کردار یقینی بنانے کیلئے بھی کھیلوں کے میدانوں کا پائیدار بنیادوں پر آباد رہناوقت کی ضرورت ہے۔گورنر نے یہ بات بھی وا ضح کی کہ آج ، ما ضی کے مقابلے میں کھیلوں اورکھیلوں کی سہولیات کو ترقی دینے کے کہیں زیادہ بہترمواقع دستیاب ہیں جن کی بدولت مختلف علاقوں ہی نہیں، بلکہ خطوں وممالک کے عوام بھی ایک دوسرے سے متعارف ہوتے ہیں اور یوں دنیا بھر میں کھلاڑیوں کو خیر سگالی کے سفیر تصور کیا جاتا ہے۔انجنیئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ یہی وجہ کہ نمایاں کردار و کامیا بیوں کے حامل کھیلاڑیوں کو قومی تشخص کا امین تصور کیا جاتا ہے۔انہوں نے چیمپیئن شپ کے کا میاب انعقاد کو سراہتے ہو ئے موجودہ حالات میں اس نوع کے اقدامات کو ملک وقوم کی عمدہ خدمت قرار دیا۔قبل ازیں گورنر کا خیر مقدم کرتے ہو ئے سید ظاہر علی شاہ نے چیمپیئن شپ کی اہمیت اور خیبر پختونخوافٹبال ایسوسی ایشن کے کردار اور خدمات پر روشنی ڈالی۔