خبرنامہ خیبر پختونخوا

گلگت ‘سستا اور فوری انصاف ہماری اولین ترجیح ہے،جسٹس ملک حق نواز

(اے پی پی)جسٹس ملک حق نواز کی سربراہی میں جسٹس علی بیگ پر مشتمل چیف کورٹ کے ڈویژن بنچ نے دیوانی ، فوجداری ، رٹ پٹیشن اور ضمانت پر مشتمل 20مقدمات پر فیصلہ سنا دیا اور 2مقدمات آئندہ سماعت کیلئے منظور کر دےئے ۔ گزشتہ روز گلگت بلتستان چیف کورٹ کی ڈویژن بنچ کے روسٹر میں دیوانی ، فوجداری ، رٹ پٹیشن اور ضمانت پت مشتمل 37مقدمات سماعت کیلئے مقرر ہوئے ۔ جسٹس ملک حق نواز اور جسٹس علی بیگ نے مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے 20مقدمات پر فیصلہ ، 2مقدمات سماعت کیلئے منظور جبکہ 15ملتوی کر دےئے ۔ جسٹس ملک حق نواز نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سستا اور فوری انصاف ہماری اولین ترجیح ہے وکلاء تعاون کریں تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے سائلین تاریخ کی پرچی کے بجائے انصاف لیکر جائیں ۔ جسٹس علی بیگ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے ہم سب کو قانون کے تحت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا ۔ عدل و انصاف سے معاشرے میں مسائل کم کئے جا سکتے ہیں فاضل بنچ نے فیصلہ شدہ مقدمات کے فیصلوں کو جاری کر دیا ۔