خبرنامہ خیبر پختونخوا

ہری پور؛ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ

ہری پور: (اے پی پی) پری مون سون بارشوں سے تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ،تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1513.87فٹ تک بلند ہو گئی جبکہ ا ڈیم سے پانی کے اخراج میں مزید اضافہ کر دیا گیا تربیلا ڈیم کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حالیہ بارشو ں کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح مزید بلند ہو گئی ہے۔تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو کر 1513.87فٹ پر پہنچ گئی ہے۔جس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی آخری حد 1550فٹ ہے۔ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش37 فٹ تک رہ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 50ہزار2 سو کیوسک ہو گئی ہے۔ڈیم سے پانی کا اخراج بھی بڑھا دیا گیا ہے۔جس سے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں مزید تیزی آگئی ہے ۔پانی دریائے سند ھ کے کنارے آبادیوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔جس کی وجہ سے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیاہے،تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 2لاکھ 24ہزار 3 سو کیوسک کر دیا گیا ہے۔پانی کے اخراج میں اضافے سے تربیلا بجلی گھر میں بجلی کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔تربیلا بجلی گھر میں بجلی کی پیداوار3 ہزار2 سو70 میگاواٹ ہو گئی ہے۔