خبرنامہ خیبر پختونخوا

ہری پور کے صحافی سہیل خان کے قتل کے خلاف ایبٹ آ باد یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ

ہری پور۔ (ملت آن لائن) ہری پور کے صحافی سہیل خان کے قتل کے خلاف ایبٹ آ باد یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر سردار نوید عالم اور جنرل سیکرٹری ثاقب خان نے کی۔ جمعرات کے روز احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے صحافی رہنماؤں نے کہا کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے، حق و سچ کا ساتھ دینے کی پاداش میں سرعام صحافیوں کو قتل کیا جا رہا ہے، حق وسچ کے علمبردار صحافی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ صحافی رہنماؤں نے ڈی آئی جی ہزارہ اور ڈی پی او ہری پور سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافی سہیل خان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، اگر سہیل خان کی قاتل گرفتار نہ ہوئے تو صحافتی تنظیمیں ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کریں گی۔