خبرنامہ خیبر پختونخوا

ہمیشہ زندہ قومیں اپنی آزادی کے دن کوانتہائی شایان شان طریقے سے مناتی ہیں،نعمان افضل آفریدی

ڈی آئی خان: (ملت آن لائن)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی نے کہاہے کہ ہمیشہ زندہ قومیں اپنی آزادی کے دن کوانتہائی شایان شان طریقے سے مناتی ہیں ،14اگست جشن آزادی کی مرکزی تقریب سرکٹ ہاؤس ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقدہوگی جس میں کمشنر ڈیرہ جاویدخان مروت ،آرپی اودارعلی خٹک سمیت ضلعی انتظامیہ ، پولیس کے علاوہ سکولوں کے بچے اورمعززین علاقہ شرکت کریں گے ،تقریب میں پرچم کشائی کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سرکاری اداروں کے سربراہان نے شرکت کی ۔ نعمان افضل آفریدی نے کہاکہ پاکستانی قوم اپنے پاؤں پرکھڑاہونے کی صلاحیت رکھتی ہے ،پاک فوج ، پولیس اورشہریوں کے حوصلے بلندہیں اوروہ جشن آزادی کے دن کوجوش وخروش سے مناکرخوشی محسوس کرتی ہے ،اس دن کے حوالے سے آتش بازی کا بھی اہتمام ہوگا،شہریوں سے درخواست ہے کہ جب 14اگست کادن گزرجائے توقومی پرچم کی اہمیت کے پیش نظراس کواتارکرسنبھال لیں ۔انہوں نے کہاکہ14اگست کے حوالے سے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ بھی والی بال اورکرکٹ کے ٹورنامنٹ کاانعقادکررہاہے ، تمام تحاصیل ہیڈکوارٹرمیں بھی 14اگست کی تقاریب کے حوالے سے پرچم کشائی کااہتمام کیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ14اگست کی تقریب میں ڈیرہ اسماعیل خان میں شجرکاری مہم کابھی افتتاح پودالگاکرکیاجائے گا،پچھلے سال 17ہزارپودے لگائے گئے تھے جبکہ اس سال ہماراہدف ایک لاکھ پودے لگاناہے تاکہ اس کے ماحول پرخوشگواراثرات مرتب ہوں ،یہ پودے نئی تعمیر ہونیوالی سڑکوں ، پارکس ،سرکاری عمارات اوراراضی وغیرہ پرلگائے جائیں گے ،یہ پودے محکمہ جنگلات کی طرف سے مفت مہیاکیے جائیں گے ۔نعمان افضل آفریدی نے کہاکہ ہرشہری کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ ان پودوں کوپانی دے اوران کی حفاظت کرے۔