خبرنامہ خیبر پختونخوا

ہنگو پولیس کی کارروائی ‘9 دہشت گرد ملزمان گرفتار

ہنگو: ( اے پی پی)ہنگو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب دو اشتہاریوں سمیت 9ملزمان کوگرفتار کرکے اسلحہ و منشیات برآمد کرلی ۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو اے ایس آئی وقاص خان نے بتایا کہ ڈی پی او ہنگو شاہ نظر کی خصوصی ہدایت پر تھانہ دوآبہ کی حدود میں واقعہ علاقہ قدیم بانڈہ اوردوآبہ شہر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو اشتہاریوں امان اللہ اور حیات کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔اے ایس آئی وقاص خان نے بتایا کہ مذکورہ اشتہاری2007سے پولیس کو دہشت گردی اور اغواء کاری سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے ۔دوسری جانب ایس ایچ او ٹل عباس علی نے بتایا کہ گزشتہ روز ٹل پولیس نے علاقہ منجی خیل میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کرتے ہوئے 5ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے منشیات، 4عدد ایس ایم جی،1عدد رائفل،1عددپستول اورسینکڑوں کارتوس برآمد کر لئے ۔ادھر تھانہ صدر کی حدود میں ایس ایچ او فضل خان نے کاروائی کرتے ہوئے کوہاٹ اور ہنگو پولیس کو قتل ،اقدام قتل سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب دو مفروران عادل بادشاہ اورکمال سکنان خٹک بانڈہ کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا ۔پولیس نے متعلقہ تھانہ جات میں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ۔