خبرنامہ خیبر پختونخوا

بابا سردار حیدر زمان کی وفات سے ہزارہ مخلص اور سینئر ترین سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے، سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی

ایبٹ آباد۔(ملت آن لائن) سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ بابا سردار حیدر زمان کی وفات سے ہزارہ ایک مخلص اور سینئر ترین سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے، بابا حیدر زمان ایک فعال اور متحرک سیاسی شخصیت تھے، ہزارہ ڈویژن کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے بابا کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جمعرات کو یہاں اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد اور ہزارہ ڈویژن کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت بابا سردار حیدر زمان کی وفات سے اہلیان ہزارہ کو شدید دکھ اور غم پہنچا ہے، مرحوم نے ہزارہ کے حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھانے سمیت ہزارہ ڈویژن کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد کی۔ مشتاق غنی نے کہا کہ بابا سردار حیدر زمان کے ایصال ثواب کیلئے گذشتہ روز خیبر پختونخوا اسمبلی میں فاتحہ خوانی کروائی گئی، اس موقع پر متعدد ارکان نے بابا حیدر زمان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔