ملت انٹرویو

تحریک انصاف نے خواجہ آصف کو ’سیکیورٹی رسک‘ قرار دیدیا

تحریک انصاف نے خواجہ آصف کو ’سیکیورٹی رسک‘ قرار دیدیا

کراچی:(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو سیکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف کرپشن کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہوا۔ اجلاس میں عمران خان نے عثمان ڈار کو ہدایت کی کہ خواجہ آصف کی کرپشن کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے سے رابطہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر علیم خان کی صدارت میں ایک ٹاسک فورس کی منظوری بھی دی جسے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کو بے نقاب کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں افغان دارالحکومت کابل میں دو روز قبل ہونے والے دھماکے کی بھی مذمت کی گئی جس میں 100 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے سپریم کورٹ کی جانب سے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق سے متعلق فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف 2012 سے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق کے لیے آواز بلند کر رہی ہے۔ کور کمیٹی نے امید کا اظہار کیا کہ اوور سیز پاکستانیوں کو جلد ہی ووٹ کا حق مل جائے گا۔ تحریک انصاف کے اراکین نے موجودہ حکومت کے نیب میں کیسز کے حوالے سے کہا کہ موجودہ حکومت کرپٹ افراد، اقامہ ہولڈرز اور ٹھگوں پر مشتمل ہے۔