ملت انٹرویو

سی پیک خالصتاً معاشی تعاون کا منصوبہ ہے، چین

سی پیک خالصتاً

سی پیک خالصتاً معاشی تعاون کا منصوبہ ہے، چین

بیجنگ:(ملت آن لائن)چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چوانگ کا کہنا ہے کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) خالصتاً معاشی تعاون کا منصوبہ ہے اور اس پر کسی علاقائی تنازعات یا تیسرے فریق کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چوانگ نے اپنی معمول کی پریس بریفنگ کے دوران سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے کیے جانے والے خطاب کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب اور میڈیا انٹرویو میں کہا تھا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے مجوزہ ایک خطہ ایک سڑک اقدام سے عالمی سطح کے روابط کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، پاکستان ایک خطہ ایک سڑک اقدام کا اہم شراکت دار ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا تھا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں معاشی بہتری آئی ہے، چین اور پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کے تعمیری منصوبوں سے ہمسایہ ممالک کو بھی فائدہ ہو گا۔ چینی ترجمان نے کہا کہ ایک خطہ ایک سڑک کا اقدام چین سے شروع کیا گیا ہے تاہم اس کا تعلق پوری دنیا کیلئے مواقع اور اہداف سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ خالصتاً معاشی تعاون کا منصوبہ ہے، اس پر کسی علاقائی تنازعات یا تیسرے فریق کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے امید ظاہر کی کہ بھارت بھی اس منصوبے کو اسی تناظر میں دیکھے گا۔