ملت انٹرویو

شہباز شریف کی کرپشن آشکار کرنے کے لیے ٹاسک فورس قائم

شریف کی کرپشن

شہباز شریف کی کرپشن آشکار کرنے کے لیے ٹاسک فورس قائم

اسلام آباد:(ملت آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت کورگروپ کے اجلاس میں خواجہ آصف کے گرد قانونی شکنجہ کسنے اور ان کے خلاف نیب کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کو بتایا گیا کہ خواجہ آصف کی کرپشن کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، وہ قوم کیلئے سکیورٹی رسک ہیں۔ اجلاس کے دوران عثمان ڈار کوخواجہ آصف کی کرپشن کے خلاف نیب کو خط لکھنے کی ذمے داری سونپ دی گئی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدر علیم خان کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دی گئی جو شہباز شریف کی کرپشن کوآشکار کرے گی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم سمیت شہباز شریف کے تمام کرپشن کے کارناموں کو عیاں کرنے کی تیاری کی جائے گی اجلاس میں بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا اور موقف اختیار کیا گیا کہ تحریک انصاف بیرون ملک پاکستانیوں کے انتخابی حقوق کیلیے 2012 سے لڑرہی ہے، امید ہے جلد بیرون ملک پاکستانیوں کو ان کے انتخابی حقوق مل جائیں گے۔ اجلاس میں نیب میں موجود کیسز کے عملدرآمد پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ حکومت اس وقت اقامے، اشتہاریوں اور کرپشن سے داغدار لوگوں پر مشتمل ہے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پربھی غور کیا جبکہ کابل میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی گئی۔