ملت انٹرویو

عمران خان نے کے پی حکومت کے ہیلی کاپٹرز کا دل کھول کر مفت استعمال کیا

عمران خان نے کے پی حکومت کے ہیلی کاپٹرز کا دل کھول کر مفت استعمال کیا

پشاور:(ملت آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرز کا دل کھول کر مفت استعمال کیا۔ دو ہیلی کاپٹروں میں عمران خان کبھی بنی گالا سے پشاور ، کبھی کوہاٹ، کبھی مردان گئے، تو کبھی بٹگرام ، چکدرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چترال، سوات اور نتھیا گلی کے سفر کیے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خیبرپختونخوا(کے پی کے)کے ہیلی کاپٹروں میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی منظوری سے مسافت کے لحاظ سے تقریباً آدھی دنیا کا مفت سفر کیا۔ ان کے 40 فضائی سفروں پر اٹھنے والے اخراجات کی رقم تو کروڑوں روپے میں ہے تاہم صوبائی حکومت کی سرکاری دستاویز میں ہیلی کاپٹرز کے استعمال کی مد میں صرف 21 لاکھ7 ہزار 181 روپے کے اخراجات کا تذکرہ ہے۔
عمران خان سرکاری ہیلی کاپٹر کو استعمال کررہے ہیں،پرویز رشید
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کے دو ہیلی کاپٹروں ایم آئی 171 اور ایکیوریل پرتقریباً 74 گھنٹے اڑان بھری۔ عمران خان نے ایم آئی 171 ہیلی کاپٹر پر 22 گھنٹے سفر کیا جس پر 12 لاکھ 70 ہزار 306 روپے کے اخراجات آئے جبکہ اسی طرح ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے سفر کیا گیا جس پر 8لاکھ 36 ہزار 875 روپے خرچہ آیا۔ عمران خان نے کل 74 گھنٹے سرکاری ہیلی کاپٹرز پر پرواز کی اور اس پر مجموعی طور پر 21 لاکھ7 ہزار 181 روپے کے اخراجات آئے، اس حساب سے فی گھنٹہ سفر کا اوسط خرچہ 28 ہزار 475 روپے بنتا ہے۔ لیکن وزیراعلیٰ کے پرنسپل ایڈوائزر برائے ٹیکنیکل ٹریننگ اور ایوی ایشن محمد امین کے مطابق سرکاری ہیلی کاپٹر پر فی گھنٹہ ڈیرھ سے دو لاکھ روپے خرچہ آتا ہے اور ڈیرھ لاکھ روپے فی گھنٹہ کے حساب سے عمران خان کے 74 گھنٹوں کا خرچہ ایک کروڑ 11 لاکھ روپے بنتا ہے۔ عمران خان نے ایم آئی 171 پر بنی گالا سے کوہاٹ، پشاور، مردان، بٹگرام، دیر اور کمراٹ کے دورے کیے جبکہ صوبائی حکومت کے زیراستعمال دوسرے ہیلی کاپٹر ایکیوریل میں بنی گالا سے پشاور، کوہاٹ، ابیٹ آباد، ہری پور، چترال، سوات اور نوشہرہ تک کا سفر کیا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ہیلی کاپٹر کو رکشا بنایا ہوا ہے، امیر مقام
اگر ان دوروں کے لیے باہر سے ہیلی کاپٹر منگوایا جاتا تو ایم آئی 171 پر سفر کے لیے 10 سے 12 لاکھ روپے فی گھنٹہ جبکہ ایکیوریل کے لیے 5 سے 6 لاکھ روپے فی گھنٹہ رقم ادا کرنا پڑتی۔ دنیا کا چکر لگایا جائے تو یہ سفر 40 ہزار کلومیٹر پر محیط ہے جبکہ عمران خان نے صوبہ کے پی کے کے ہیلی کاپٹرز میں کم و بیش 18 ہزار کلومیٹر سے زیادہ کا سفر کیا جو تقریباً آدھی دنیا کی مسافت کے برابر ہے۔ ایک اعلیٰ سرکاری افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں وہ کسی کو بھی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت دینے کے مجاز ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ کے پرنسپل ایڈوائزر برائے ٹیکنیکل ٹریننگ اور ایوی ایشن محمد امین نے بتایا کہ ان کی معلومات میں نہیں کہ عمران خان نے ہیلی کاپٹر استعمال کیا ہو، وہ کہیں گئے ہوں گے تو وزیراعلیٰ کے ہمراہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری ہیلی کاپٹر پر فی گھنٹہ ڈیرھ سے دو لاکھ روپے خرچہ آتا ہے۔ وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا شاہ فرمان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کبھی تنہا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے سابق گورنروں مہتاب عباسی اور اقبال ظفر اقبال جھگڑا نے 466 گھنٹے ہیلی کاپٹرز استعمال کئے جبکہ وزیرا علیٰ پرویز خٹک نے 447 گھنٹے ہیلی کاپٹرز میں سفر کیا۔