خبرنامہ

جذبۂ پرواز …شاعر رئیس امروہوی

اپنے فضائیہ کے یہ انداز دیکھیے
شاہیں بچوں کا جذبۂ پرواز دیکھیے
اپنے فضائیہ کے یہ انداز دیکھیے
ہمارے ہوائی جہازوں کا آج
ہواؤں پہ قبضہ فضاؤں پہ راج
عقابِ فلک سیر شاہیں بچّے
سروں پہ رکھیں سرفروشی کے تاج
پرچم فضائیہ کا سرافراز دیکھیے
اپنے فضائیہ کے یہ انداز دیکھیے
شاہیں بچوں کا جذبۂ پرواز دیکھیے
بنے ہیں ملک و ملّت کے سہارے
فلک پرواز طیارے ہمارے
پرافشاں جس طرح نوری فرشتے
درخشاں جس طرح گردوں پہ تارے
غالب ہیں ہر محاذ پر جانباز دیکھیے
اپنے فضائیہ کے یہ انداز دیکھیے
شاہیں بچوں کا جذبۂ پرواز دیکھیے
اپنے اقدام ہیں کیا کیا سببِ ناز اپنے
چھاگئے جنگ کے میدان میں جانباز اپنے
بحر و بر میں ہین رواں بحری و برّی افواج
حکمراں اوج ہوا پر ہیں ہوا باز اپنے
وہ چھا گئے ہوا پہ ہوا باز دیکھیے
اپنے فضائیہ کے یہ انداز دیکھیے
شاہیں بچوں کا جذبۂ پرواز دیکھیے

شاعر : رئیس امروہوی
گلوکاران : تاج ملتانی و نگہت سیما ، کورس
موسیقی : استاد نتھو خاں
ریڈیو پاکستان کراچی