خبرنامہ

راہِ حق کے شہیدو ! ..شاعر مشیر کاظمی

اے راہِ حق کے شہیدو! وفا کی تصویرو!
تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں
اے راہِ حق کے شہیدو! ۔۔۔۔۔۔
لگانے آگ جو آئے تھے آشیانے کو
وہ شعلے اپنے لہو سے بھجادیے تم نے
بچالیا ہے یتیمی سے کتنے پھولوں کو
سہاگ کتنی بہاروں کے رکھ لیے تم نے
تمہیں چمن کی فضائیں سلام کہتی ہیں
اے راہِ حق کے شہیدو! ۔۔۔۔۔۔
چلے جو ہوگے شہادت کا جام پی کر تم
رسولِ پاکﷺ نے بانہوں میں لے لیا ہوگا
علیؓ تمہاری شجاعت پہ جھومتے ہیں گے
حسین پاکؓ نے ارشاد یہ کیا ہوگا
تمہیں خدا کی رضائیں سلام کہتی ہیں
اے راہِ حق کے شہیدو! ۔۔۔۔۔۔
جنابِ فاطمہؑ جگرِ رسول ﷺ کے آگے
شہید ہوکے کیِا ماں کو سرخرو تم نے
جنابِ حضرتِ زینبؓ گواہی دیتی ہیں
شہید ہوکے رکھی ہے بہنوں کی آبرو تم نے
وطن کی بیٹیاں مائیں سلام کہتی ہیں
اے راہِ حق کے شہیدو! ۔۔۔۔۔۔

شاعر : مشیر کاظمی
گلوکارہ : نسیم بیگم
موسیقی : سلیم اقبال
ریڈیو پاکستان لاہور
فلم : مادرِ وطن ( ۱۹۶۶ )