خبرنامہ

امریکا میں موجود پاکستانیوں نے 70واں یوم آزادی بھرپورجوش وجذبےسےمنایا

واشنگٹن۔:(اے پی پی) امریکا میں موجود پاکستانیوں نے مادر وطن کا 0واں یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا کردارادا کرنے کے عزم کے ساتھ منایا۔ اس سلسلہ میں ایک بڑی تقریب واشنگٹن ڈی سی کے بُل رن پارک میں منعقد ہوئی جس میں شرکاء کی تعداد 12 اور 15ہزار کے درمیان تھی۔ تقریب کا اہتمام پاکستان فیسٹیول یو ایس اے نے اپنی 30سالہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کیا۔ شرکاء کی بڑی تعداد نے قومی پرچم کے رنگوں والے سبز اور سفید لباس زیب تن کررکھے تھے ۔ پارک کے بڑے گراؤنڈ کو بڑی تعداد میں پاکستانی پرچوں سے سجایا گیا تھا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس تقریب کے لئے اپنے خصوصی پیغام میں تقریب کے منتظمین کو مبارکباد دی اور اسے ایک شاندار کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ تین سال کے دوران دہشت گردی کے خاتمہ ‘ اقتصادی بحالی اور انتہا پسندی پر قابو پانے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا ذکر کیا اور اس حوالہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔ تقریب میں جنگ میں مارے جانے والے امریکی فوجی کے والد خضر خان نے خاص طور سے شرکت کی۔ اس موقع پر ایک سو سے زیادہ سٹال بھی لگائے گئے جن پر مختلف پاکستانی اشیاء فروخت کی گئیں ۔ امریکی بحریہ نے اس تقریب میں شرکت کے لئے خاص طور سے 30 رکنی ڈرل ٹیم بھیجی ‘ واضح رہے کہ امریکی ریاستوں میری لینڈ اور ورجینیا نے 14 اگست کو سرکاری طور پر پاکستان کا یوم آزادی قرار دے رکھا ہے۔