خبرنامہ

اوپی ایف بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کی برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ابن عباس سے ملاقات

اسلام آباد (ملت ،اے پی پی ) اوپی ایف بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ابن عباس سے لندن میں ملاقات کی اور برطانیہ میں نادرا کی موبائل رجسٹریشن ٹیموں کی دوبارہ بحالی پر ہائی کمشن کی کوششوں کو سراہا۔ ہائی کمشنر نے نادرا رجسٹریشن ٹیموں کی دوبارہ بحالی کو برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کیلئے ایک اچھا قدم قراردیا۔ انہوں نے سمندر پارپاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے اوپی ایف بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کے فعال کردار کی تعریف کی۔ بیرسٹر بیرسٹر امجد ملک نے سمندر پارپاکستانیوں کی فلاح وبہبود کے لئے اپنی کاوشوں سے ہائی کمشنر کوآگاہ کیا ۔ دونوں عہدیداروں نے سمندر پارپاکستانیوں کی شکایات کے ازالے ،سرمایہ کاری میں اضافے اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے سے متعلق گفتگو کی اور سمندر پارپاکستانیوں کی فلاح وبہبود کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔اوپی ایف کے بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین نے وزیر اعظم کی جانب سے 29اپریل 2016ء کو اوپی ایف کے نئے بورڈ آف گورنر زکی تعیناتی کے بعد کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ہائی کمشنر نے اوپی ایف بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین اور ایم ڈی اوپی ایف حبیب الرحمن گیلانی کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔