خبرنامہ

نیویارک میں یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے سالانہ پریڈ کا انعقاد

نیویارک:(اے پی پی) امریکہ میں پاکستان کے اعلیٰ سطح کے سفارتکاروں جلیل عباس جیلانی اور ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے پاکستان کی طرف سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے یہ بات پاکستان کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے نیویارک میں ایک پروقار تقریب اور سالانہ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔ اس تقریب میں امریکہ میں مقیم سینکڑوں پاکستانی شہریوں نے اہل خانہ سمیت شرکت کی۔ پاکستانی سفارتی عہدیداروں نے تقریب کے شرکاء کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی ظلم اور بربریت کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز انسانی حقوق کی بد ترین پامالیوں کا ارتکاب کرتے ہوئے کشمیریوں کی پرامن جدوجہد کو طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے دبانے کے اقدامات کر رہی ہیں جس کا بین الاقوامی برادری کو بھرپور نوٹس لینا چاہئے۔ اس موقع پر شرکاء نے بھارت کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں شدید نعرے بازی کی اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کی تاریخی جدوجہد کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اوردیگر عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کررہا ہے۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے۔ وزیراعظم دنیا کے 100 سے زیادہ ممالک کے سربراہان مملکت اور وزرائے اعظم کے سامنے گزشتہ کئی عشروں سے جاری تنازعے کو اٹھائیں گے تاکہ خطے میں امن کے قیام کو ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر پاکستان کو عزت اور وقارکی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ دنیا بھر میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان افواج کی شمولیت کے حوالے سے سرفہرست ممالک میں ہے۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی جو پریڈ کے گرینڈ مارشل تھے، نے پاکستانی کمیونٹی کوبھرپور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی شہری نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ میں بھی سخت محنت اور جدوجہد سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان کا تشخص بہتر بنانے کیلئے انہیں اپنی جدوجہد جاری رکھنی چاہئے۔ نیویارک میں پاکستانی جنرل قونصلر راجہ علی اعجاز نے اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کے باہمی اتفاق اور اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہمیں عزم کرنا ہوگا۔ نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو کا پیغام بھی اس موقع پر پڑھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے امریکی معاشرے کے مختلف شعبوں میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے پاکستانی پرچم کے مطابق لباس زیب تن کئے تھے۔ تقریب کے شرکاء نے میڈیسن ایونیو سے 23 سٹریٹ تک مارچ کیا۔ مارچ کے پورے رستے کو پاکستان اور امریکہ کے پرچموں سے مزئین کیاگیا تھا۔ اس موقع پر 12 فلوٹس بھی تیار کئے گئے تھے جن میں پاکستان کی ثقافت اور مختلف شعبوں میں پیشرفت کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر فریحہ پرویز نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے شرکاء کو محظوظ کیا۔ اس پریڈ کا اہتمام پاکستان ڈے پریڈ کمیٹی نے کیا تھا۔