خبرنامہ

پاکستانی نژاد امریکی خاتون اسرائیل پہنچ گئی

یروشلم: (ملت+اے پی پی) پاکستانی نژاد امریکی خاتون مدیحہ انور چودھری نے حال ہی میں اسرائیل کا دورہ کرکے وہاں مسلمانوں کے مقام مقدسہ پر حاضری دی ہے۔ اسرائیل کا دورہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے مدیحہ انور کا کہنا تھا کہ میرے والد دنیا بھر کے سفر کے بہت شوقین تھے، ان کی خواہش تھی کہ کاش وہ یروشلم کا دورہ کر سکیں لیکن پاکستانی پاسپورٹ کی وجہ سے ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہو سکی۔ مدیحہ نے بتایا کہ ان کے والد کا 2014ء میں انتقال ہو گیا تھا۔ مدیحہ انور چودھری نے اسرائیل پہنچتے ہی ہر پل کو کیمرہ کی آنکھ میں محفوظ کرنے کی کوشش کی اور ان تصاویر کو سماجی رابطوں کی سب سے مشہور ویب سائٹ فیس بک کے ذریعے شیئر کیا۔ پاکستانی خاتون کے اسرائیل کے سفر کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر بہت پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ مدیحہ نے بتایا کہ جیسے ہی مجھے امریکی شہریت ملی میں نے اسرائیل کا سفر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسرائیل کے دورے کے دوران وہ نہ صرف بہت گھومی پھری بلکہ مسجد اقصیٰ اور ڈوم آف روک سمیت متعدد مقامات مقدسہ پر جانے کا بھی شرف حاصل کیا۔