خبرنامہ

پنجاب کے چار بڑے ڈویژنز میں اوورسیز پاکستانیز کیلئے سہولت مراکز

لاہور: (ملت+اے پی پی) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب کے 4 بڑے ڈویژنز میں سہولت مراکز برائے اوورسیز پاکستانیز کے قیام کی منظوری دے دی ۔ لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستان کے عظیم سفیر ہیں ، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے خود مختار اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا ہے ۔ ان سہولت مراکز میں اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے تھانے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ڈیسک بنائے جائیں گے ، یہ سہولت مراکز ڈیرہ غازی خان ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژنوں میں بنائے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان سہولت مراکز کے قیام سے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی شکایات کے ازالہ کیلئے ون ونڈو سہولت میسر آئے گی ۔