خبرنامہ

عدالت نے پولیس کو متنازع تقریر پر نہال ہاشمی کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا

کراچی(ملت آن لائن)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پولیس کو متنازع تقریر پر نہال ہاشمی کے خلاف قانون کے مطابق تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی شرقی کی عدالت میں نہال ہاشمی کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ نہال ہاشمی نے عدلیہ کو دھمکیاں دیں، اس لئے ان کے خلاف درج ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں۔عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں حتمی رپورٹ عدالت میں جمع نہیں کرائی گئی، اگرتحقیقات کے دوران شواہد ملے تو ملزم کے خلاف ایف آئی آر میں انسدادِ دہشت گردی کے قوانین کا اطلاق کیا جائے گا۔عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ نہال ہاشمی کے خلاف قانون کے مطابق تحقیقات مکمل کریں اور اگر تحقیقات کے دوران نہال ہاشمی کے خلاف شواہد ملیں تو ضابط فوجداری کی دفعہ 173 کے تحت ایف آئی آر میں شامل کیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نہال ہاشمی نے ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے عدلیہ کے خلاف غلط الفاط استعمال کیے تھے۔ جس پر سپریم کورٹ نے بھی از خود نوٹس لےلیا ہے۔