خبرنامہ

آئیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری،انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا،سی ای اوآئیسکوچوہدری شاہداقبال

نیپرا نے بجلی

اسلام آباد ۔اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری شاہد اقبال نے کہا ہے کہ ڈویژنل اور سب ڈویژنل سطح پر بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے تاکہ تمام بجلی چوروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔ ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی چوری سمیت تمام بڑے مسائل جو لوڈ شیڈنگ اور ملک میں بدعنوانی کی بڑے اسباب ہیں، سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں تمام کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور خصوصی کمیٹیاں بجلی چوری کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور تمام آپریشن مربوط بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس آپریشن کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز درج اور رقوم وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی حکومت نے ایک پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے تاکہ بجلی چوری کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے جو گردشی قرضوں کے بڑھنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ آئیسکو چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ بجلی چوری ملک میں ایک بڑا مسئلہ ہے جس سے ہر کوئی واقف ہے لیکن ماضی کی حکومتوں نے اس پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مؤثر پیمانے پر اقدامات یقینی بنا رہی ہے تاکہ دیانتدار صارفین کو دوسروں کی بددیانتی کا بوجھ برداشت نہ کرنا پڑے۔انھوں نے کہا کہ آئیسکو بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لا رہی ہے اور اس سلسلے میں متعدد میٹر بھی کاٹے جا چکے ہیں جنھیں واجبات کی وصولی کے بعد بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام صارفین سے اپیل کی کہ بجلی چوری کے خلاف 118 پر شکایت درج کرائیں اس کے علاوہ شہری 8118 پر پیغام بھی بھجوا سکتے ہیں، شکایت کنندہ کا نام صغیہ راز میں رکھا جائے گا۔