واشنگٹن (ملت + اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہاہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات جنوبی ایشیاء اور اس سے باہر خطے میں امن و استحکام میں معاون ہیں، وزیر اعظم محمد نواز شریف امریکی منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کے ساتھ دونوں دیرینہ اتحادی ممالک کے درمیان باہمی طور پر مفید روابط کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یہ بات یہاں ’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی انٹرویومیں کہی۔ طارق فاطمی نے کہا کہ امریکہ کو معلوم ہوناچاہئے کہ آج کاپاکستان امریکہ کا ایک قابل بھروسہ، موثر اور سنجیدہ شراکت دار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نوازشریف کی فعال قیاد ت میں پاکستان سب کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہش مند اور بالعموم دنیا کے ساتھ باہمی طور پر مفید روابط استوار کرناچاہتاہے۔ انہوں نے کہاکہ تاریخی طور پر امریکہ کئی عشروں سے پاکستان کا دوست ہے اور دونوں ممالک نے بعض نہایت اہم ایشوز پر ایک دوسرے سے تعاون کیا ۔ طارق فاطمی نے کہاکہ ٹرمپ انتظامیہ کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان شاندار تعلقات کی تاریخ مد نظر رکھنی چاہئے جو دنیا کے ہمارے حصے میں امن کے مقصد کوتقویت دیتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہاکہ نئی امریکی انتظامیہ میں خدمات انجام دینے کی خواہاں شخصیات کے ساتھ اپنی غیر رسمی ملاقاتوں میں انہوں نے پاکستان کانکتہ نظر پہنچایاکہ وزیر اعظم نوازشریف امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو اولین ترجیح دیتے ہیں ،وہ امریکہ کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں اور اس امر کے خواہاں ہیں کہ دونوں ممالک کو باہمی طور پر مفید شعبوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ کشمیر کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں طارق فاطمی نے کہاکہ یہ تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے کہ اس دیرینہ تنازعے کے حل کے بغیر خطے میں امن و استحکام نہیں ہو سکتا۔ مقبوضہ واد ی میں قابض افواج نے اپنے وحشیانہ اور استبدادی ہتھکنڈوں سے دہشت کی فضا قائم کررکھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ ایک بڑی طاقت ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے جس کے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ اچھے روابط ہیں اور خطے کے امن میں اہم مفاد کاحامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کو بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لئے کوشاں ہونا چاہئے جو دونوں ممالک کی امنگوں سے ہم آہنگ ہوں اوراپنے حق خود ارادیت کے منصفانہ نصب العین کے لئے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کی امنگوں کو بھی پورا کریں ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں اور مہینوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں مزیداستحکام اور بہتری دیکھنے کو ملے گی جو دونوں ممالک کے لئے مفید ہو گی۔طارق فاطمی نے کہاکہ آج کا پاکستان ایک نیا پاکستان ہے اور گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں ملک نے کئی شعبوں میں پیش قدمی کی ہے اور اس کی کامیابیوں کا ساکھ کے حامل کئی سرکردہ عالمی مالیاتی اداروں نے اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج افراط زر ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر ہیں۔اقتصادی نمو کے اثرات کراچی سے پشاور تک عیاں ہیں اور ملک رواں مالی سال میں 5.5فیصد نمو کے حصول کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج کا پاکستان ایسی ساکھ رکھتاہے جسے امریکہ کو سراہناچاہیے جوہمارا تاریخی اتحادی ہے ۔ نئی انتظامیہ کے تحت پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کے فروغ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے طارق فاطمی نے کہاکہ سرمایہ کار کسی حکومت کی سمت کی پیروی نہیں کرتے ۔ وہ حکومتی پالیسیوں اور زمینی حقائق پر نظر رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی پالیسیوں کو آئی ایم ایف، عالمی بینک سٹینڈرز اینڈ پور جیسے بین الاقوامی اداروں نے سراہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ادارے مضبوط ہیں اور ملک نے انسداد دہشت گردی کے میدان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس قسم کے سازگار حالات ملک میں بے مثال سرمایہ کاری راغب کرنے میں معاون ہیں۔
خبرنامہ
آج کا پاکستان امریکہ کا ایک قابل بھروسہ، موثر اور سنجیدہ شراکت دار ہے: فاطمی
