اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سنیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ آج کے دن خواتین کی عظمت کو سلام پیش کرے کا دن ہے ۔ خواتین کی سماجی ، معاشرتی اور سیاسی قدروں کو اجاگر کرنے کا دن ہے۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ خواتین کا احترام اور ان کے حقوق کے تحفظ کی اعلی ترین مثال نبی اکرم ؐ کی زندگی سے ملتی ہے۔ ان کی اپنی بیٹی اور ازواج سے برتاؤ ہمارے لیے ایک بہترین نمونہ ہے۔ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا یہ پیغام کہ ملکی ترقی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہیں، ہمیں آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے۔ میں آج کے دن ہر میدان میں کردار ادا کرنے والے خواتین کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ آج ملک کے ہر ا ہم شعبے میں خواتین اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ میں ملک میں پولیو مہم میں شامل ہزاروں خواتین کو سلام پیش کرتی ہوں جن کی محنت اور ہمت سے ملک میں اس بیماری پر قابو پایا جا رہا ہے۔ آئیں ہم آج عہد کریں کہ خواتین کے حقوق کے لیے ہم جہاں بھی ہیں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔
خبرنامہ
آج کے دن خواتین کی عظمت کو سلام پیش کرنے کا دن ہے: عائشہ رضا فاروق
