خبرنامہ

آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، پرویز رشید

اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریا ت سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ تجارت ، انسداد دہشتگر دی ، توانائی ، آٹو موبائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے، ہم ان تعلقات کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں مزید مستحکم کرنے کے لئے پر عزم ہیں،پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارت کا حجم دو ارب پچاس کروڑ ہے اورجرمنی کے پاکستا ن میں سرمایہ کاری کے لئے وسیع مواقع ہیں،پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوشاں ،آپریشن ضرب عضب میں بہت کامیابیاں ملیں ،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔وہ جمعرات کو یہاں جرمنی کے قومی دن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان جرمنی کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ہم ان تعلقات کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں مزید مستحکم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان جرمنی کے ساتھ تجارت ، انسداد دہشتگر دی ، توانائی ، آٹو موبائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان سٹریٹیجک ڈائیلاگ ہونے کے باعث تعلقات مضبو ط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلوانے میں جرمنی کی کاوشوں پر شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ پرویز رشید نے کہاکہ جرمنی دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے۔ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارت کا حجم دو ارب پچاس کروڑ ہے۔جرمنی کے پاکستا ن میں سرمایہ کاری کے لئے وسیع مواقع ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان قابل تجدید توانائی اور آٹو موبائل انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے لئے جرمنی کو خوش آمدید کہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں ہمیں بہت کامیابیاں ملیں ۔ پرویز رشید نے کہاکہ ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے ۔